سرکارﷺ کی شان بزبان قرآن

in Tahaffuz, November 2014, اشتھارات / ویب سائٹ اپ ڈیٹ

کتاب کا نام: سرکارﷺ کی شان بزبان قرآن
صفحات= 240 ہدیہ: درج نہیں
مصنف: حضرت شیخ فیض محمد چشتی علیہ الرحمہ
ناشر: زاویہ پبلشرز دربار مارکیٹ، لاہور
تبصرہ= اﷲ تعالیٰ نے اپنے محبوبﷺ کو وہ مقام عطا فرمایا جو کسی اور کو نہ ملا ہے، نہ ملے گا۔ آقا ومولیٰﷺ وہ ہستی ہیں جن کی محبت کو ایمان کی کسوٹی قرار دیا گیا۔ آپﷺ کے لئے کونین سجائے گئے اور کونین کی خاطر آپﷺ کو پیدا فرمایا۔ آپﷺ کی محبت دین حق کی شرط اول ہے اور کامل مومن ہونے کی دلیل ہے جیسا کہ بخاری شریف کی حدیث پاک میں ہے۔
کونین کے والی رسول رحمتﷺ نے ارشاد فرمایا۔ تم میں سے کوئی شخص اس وقت تک مومن نہیں ہوسکتا۔ جب تک کہ میں اس کی نظر میں اس کے باپ، بیٹوں اور تمام لوگوں سے زیادہ محبوب نہ ہوجائوں (بخاری شریف، جلد اول، ص 112)
جس رسولﷺ سے محبت و عشق رکھنا اس قدر فضیلت کاباعث ہے تو خود اس ذات پاکﷺ کی کیا شان و عظمت ہوگی۔ کائنات کی سب سے اعلیٰ و ارفع کتاب قرآن مجید اگر ہم پڑھیں تو ہمیں کلام الٰہی میں بھی کئی مقامات پر شان رسالت مآبﷺ نظر آئے گی۔ بعض تو پوری پوری سورتین مثلا سورۂ والضحیٰ، سورۂ الم نشرح، سورۂ کوثر اور سورۂ محمد اگر ہم پڑھیں تو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ہم نعت شریف پڑھ رہے ہیں۔
زیر نظر کتاب بنام ’’سرکارﷺ کی شان بزبان قرآن‘‘ اسی عنوان سے متعلق ہے جسے حضرت امیر طریقت مخدوم اہلسنت حضرت شیخ فیض محمد چشتی قادری سیالوی صاحب علیہ الرحمہ نے مرتب کی ہے۔ مولف نے اس کتاب میں قرآن کی کم و بیش 100 آیات سے عظمت صاحب قرآنﷺ بیان کی ہے۔ بہت احسن اور آسان الفاظ میں مسلمانوں تک یہ پیغام پہنچانے کی کوشش کی ہے۔ اس کتاب کے مطالعہ کے بعد دل میں جذبۂ عشق مصطفیﷺ معجزن ہوجاتا ہے۔ سرکار کریمﷺ کے غلاموں کے لئے یہ کتاب ایک خزانہ ہے، ضرور مطالعہ فرمائیں۔
کتاب ملنے کا پتہ: مکتبہ رضویہ گاڑی کھاتہ آرام باغ روڈ، کراچی