یہ تین دن تمام دنوں سے زیادہ مبارک ہیں
حضرت محمد مصطفیﷺ فرماتے ہیں کہ اﷲ پاک نے ماہ ذوالحجہ کو بڑی بزرگی اور فضیلت کا مہینہ فرمایا ہے۔ آپ نے فرمایا کہ اس ماہ کے دس دن بہت متبرک ہیں اور اس کی عبادت کا بہت ثواب ہے اور فرمایا کہ دس دن میں تین دن کثرت کے ساتھ اپنے رب کی عبادت کرو۔ وہ تین یوم ترویہ یعنی 8ذوالحجہ، یوم عرفہ یعنی 9 ذوالحجہ، یوم نحر 10 ذی الحجہ ہیں۔ یہ تین ایام تمام دنوں سے زیادہ مبارک ہیں اور اس کی عبادت کا بہت زیادہ ثواب بھی ہے۔
نوافل
جو خوش نصیب ماہ ذی الحجہ کی پہلی شب بعد نماز عشاء چار رکعت نماز دو سلام سے پڑھے، ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ اخلاص پچیس پچیس مرتبہ پڑھے۔ اﷲ پاک اس نماز پڑھنے والے کو بے شمار نمازوں کا ثواب عطا فرمائے گا (ان شاء اﷲ)
٭ جو مسلمان پہلی شب سے دسویں شب تک روزانہ بعد نماز عشاء دو رکعت نماز پڑھے ،ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ کوثر تین تین بار اور سورۂ اخلاص تین تین مرتبہ پڑھے۔
ان شاء اﷲ تعالیٰ اس نماز کی عظمت کے سبب اﷲ پاک اس کے نامہ اعمال میں بے شمار نیکیاں عطاء فرماکر بے شماربرائیاں مٹا دے گا۔
٭ جو صاحب اہل ایمان ماہ ذی الحجہ کی پہلی شب سے دسویں شب تک روزانہ بعد نماز عشاء دو رکعت نماز پڑھے، پہلی رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد آیت الکرسی ایک بار اور سورۂ اخلاص پندرہ دفعہ پڑھے اس نماز پڑھنے والے کے گناہ اگر ریت کے ذروں کے برابر بھی ہوں گے تب بھی پروردگار عالم اپنی قدرت کاملہ سے اس کے گناہ معاف فرما کر مغفرت فرمائے گا۔
جو بھی دعا مانگے ان شاء اﷲ تعالیٰ قبول ہوگی
ذی الحجہ کی دوسری شب بعد نماز عشاء چار رکعت نماز دو سلام سے پڑھے اور ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد آیت الکرسی تین بار سورۂ اخلاص تین بار سورۂ فلق تین بار سورۂ ناس تین بار پڑھے۔ بعد سلام کے گیارہ مرتبہ درود پاک پڑھ کر ہاتھ اٹھا کر یہ دعا پڑھیں۔
سبحان ذی العزۃ والجبروت سبحان ذی القدرۃ والملکوت سبحان الحی الذی لایموت لا الہ الا اﷲ ہو یحیی ویمیت وہو حیی لایموت سبحان اﷲ رب العباد البلاد والحمد ﷲ کثیراً طبیاً مبارکا علیٰ کل حال اﷲ اکبر کبیراً ربنا وجلالہ و قدرتہ بکل مکان o
دعا کے بعد گیارہ مرتبہ درود شریف پڑھ کر بارگاہ رب العزت میں جو بھی دعا مانگے، ان شاء اﷲ تعالیٰ قبول ہوگی۔
اس کے گناہ معاف ہوں گے، داخل بہشت ہوگا
جو شخص ماہ ذی الحجہ کے پہلے جمعہ کو بعد نماز جمعہ چھ رکعت نماز تین سلام سے پڑھے ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ اخلاص پندرہ پندرہ مرتبہ پڑھے پھر بعد سلام کے دس مرتبہ یہ کلمات پڑھے۔
لاالہ الا اﷲ الملک الحق المبین
اول و آخر گیارہ مرتبہ درود پاک پڑھ کر نماز کی قبولیت اور گناہوں کی بخشش کے لئے اﷲ تعالیٰ سے دعا مانگے۔ اﷲ پاک اپنی قدرت کاملہ سے اس نماز پڑھنے والے کو اس کے گناہ معاف فرما کر داخل بہشت فرمائے گا۔
خاص وظائف
ذی الحجہ کی پہلی اور چھٹی تاریخ کو بعد نماز فجر یا ظہر یہ کلمات ایک سو مرتبہ پڑھیں
لا الہ الا اﷲ وحدہ لا شریک لہ لہ الملک ولہ الحمد یحیی ویمیت وہو حی لا یموت بیدہ الخیر وہو علیٰ کل شیٔ قدیر
٭ ذی الحجہ کی دوسری اور ساتویں تاریخ بعد نماز فجر یا ظہر یہ کلمات ایک سو مرتبہ پڑھنا ہیں۔
اشہد ان لا الہ الا اﷲ وحدہ لا شریک لہ الہ واحداً احداً صمداً افرداً وتراولم یتخذ صاحباً ولا ولداً
٭ ذی الحجہ کی تیسری اور آٹھویں تاریخ کو بعد نماز فجر یا ظہر یہ کلمات ایک سو دفعہ پڑھنے ہیں۔
اشہدان لا الہ الا اﷲ وحدہ لا شریک لہ احداً صمداً لم یلد ولم یولد ولم یکن لہ کفواً احد
٭ ذی الحجہ کی چوتھی اور نویں تاریخ بعد نماز فجر یا ظہر ایک سو مرتبہ یہ کلمات پڑھیں۔
اشہد ان لا الہ الا اﷲ وحدہ لا شریک لہ لہ الملک ولہ الحمد یحیی ویمیت وہو حی لا یموت بیدہ الخیر وہو علی کل شی قدیر
٭ ذی الحجہ کی چوتھی اور نویں تاریخ بعد نماز فجر یا ظہر یہ کلمات کو ایک سو دفعہ پڑھیں۔
حسبی اﷲ وکفیٰ سمع اﷲ لمن دعا لیس ورأء ﷲ المنتہیٰ سبحان لم یزل کریماً ولایزال رحیما
حضور رحمت عالمﷺ ارشاد فرماتے ہیں کہ یہ کلمات برگزیدہ عشرۂ ذی الحجہ میں پڑھنا نہایت ہی موثر ہیں۔ ان متبرک کلمات کے پڑھنے سے بے شمار عبادت الٰہی کا ثواب عطاء ہوگا اور دس ہزار نیکیاں اس کے نامہ اعمال میں لکھی جائیں گی اور دس ہزار برائیاں مٹادی جائیں گی، اور بے شمار فرشتے اس کے حق میں دعائے رحمت کریں گے۔ اس کے عمل صالح ہوں گے، تلاوت کلام پاک کا ثواب ان شاء اﷲ تعالیٰ درگاہ رب العزت سے عطا کیا جائے گا۔
یوم حساب اسے کوئی خوف نہ ہوگا
عشرہ ذی الحجہ میں روزانہ باوضو کسی وقت بھی سورۂ فجر کا پڑھنا افضل ہے۔ آپ نے فرمایا کہ جو کوئی ان مبارک ایام کی حرمت کو مدنظر رکھتے ہوئے سورۂ فجر کا ورد کرے گا۔ حق تعالیٰ یوم حساب اس کی بخشش فرمائے گا اور اس کے لئے اس دن کوئی خوف نہ ہوگا۔
٭ ذی الحجہ کے دس دن برابر بکثرت سورۂ والضحیٰپڑھنے کی بڑی فضیلت ہے۔آپ نے ارشاد فرمایا کہ اﷲتعالیٰ اس سورۂ کے پڑھنے والے کو آتش دوزخ سے نجات عطاء فرمائے گا۔
خاص نفل شب ترویہ
ذی الحجہ کی آٹھویں شب بعد نماز عشاء سولہ رکعت نماز آٹھ سلام سے پڑھے۔ ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد آیت الکرسی ایک ایک بار سورۂ اخلاص پندرہ پندرہ مرتبہ پڑھے۔ اس نماز کا بے انتہا ثواب ہے اور یہ نماز مغفرت کے لئے بہت افضل ہے۔
خاص نفل یوم ترویہ
ذی الحجہ کی آٹھ تاریخ بعد نماز ظہر چھ رکعت نماز تین سلام سے پڑھے۔ پہلی رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ عصر ایک بار دوسری میں بعد سورۂ فاتحہ کے سورۂ قریش ایک بار تیسری میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ کافرون ایک بار چوتھی میں بعد سورۂ فاتحہ کے سورۂ نصر ایک بار پانچویں اور چھٹی رکعت میں بعد سورۂ فاتحہ کے سورۂ اخلاص تین تین مرتبہ پڑھے۔ ان شاء اﷲ تعالیٰ اس نماز کے پڑھنے والے کوبے شمار عبادت کا ثواب عطا ہوگا۔
خاص نفل شب عرفہ
ذی الحجہ کی نویں شب کو بعد نماز عشاء سو رکعت نماز نفل پچاس سلام سے پڑھے۔ ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ اخلاص ایک ایک بار پڑھنی ہے۔ اﷲ پاک اس نماز کے پڑھنے والے کے پچھلے تمام گناہ معاف فرما کر مغفرت فرمائے گا۔
یوم عرفہ
ذی الحجہ کی 9 تاریخ نماز ظہر اور عصر کے درمیان چار رکعت نماز ایک سلام سے پڑھے، ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ اخلاص پچاس پچاس مرتبہ پڑھنی ہے۔ بعد سلام کے سورۂ اخلاص ایک ہزار مرتبہ پڑھے، ان شاء اﷲ تعالیٰ اس نماز کا اﷲ پاک اس قدر ثواب عطاء فرمائے گا کہ کوئی اس ثواب کا اندازہ نہیں لگا سکتا۔
وظائف
عرفہ کے روز بعد نماز فجر یہ دعا چند مرتبہ پڑھے
یاذخیری یاذخیرتی یاممدنی عند شدتی یارجآنی عند مصیبتی یاغیاثی عند ناقتی یا انسی فی احدتی یا رحمتی فی وقتی یا دلیلی فی حیرتی بک التوفیق
اﷲ پاک اس دعا کے پڑھنے والے کو ہزار نیکیاں عطاء کرتا ہے اور اس کے ہزار درجے جنت میں بلند کرتا ہے اور اس کی ہر حاجت قبول فرماتا ہے۔