ایک زرداری سب پر بھاری…!!!

in Tahaffuz, December 2011-January 2012, متفرقا ت

پاکستان کو معرضِ وجود میں آئے آج 64 سال ہوچکے ہیں، مگر ظالم حکمرانوں کی بدولت پستی کی طرف ہی جارہا ہے۔ ایک سے بڑھ کر ایک عیاش اور ظالم حکمران آئے جنہیں ملک و قوم سے زیادہ اپنے مفادات عزیز ہیں۔
ملک کی دولت لوٹنے اور عوام کو تکلیف دینے والے ایک سے بڑھ کر ایک حکمران آئے، مگر موجودہ حکومت نے تو گزشتہ تمام حکومتوں کے کرپشن کے ریکارڈ توڑ دیئے۔ پورے ملک میں اندھیر نگری لگا رکھی ہے۔ ہر طرف جنگل کا قانون ہے، معیشت روز بروز کمزور ہوتی جارہی ہے۔ عالمی منڈی میں پاکستانی روپے کی قدر گرتی چلی جارہی ہے۔ غیر ملکی تاجروں کا پاکستان پر اعتبار ختم ہوتا جارہا ہے۔ ملک پر قرضہ بڑھتا جارہا ہے، سردیوں میں بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ پہلے سے بھی زیادہ جاری و ساری ہے۔ گیس کی لوڈشیڈنگ کا بھی تحفہ عوام کو بجلی کی لوڈشیڈنگ سے بھی بڑھ کر دیا جارہا ہے۔ ریلوے کے نظام کو مکمل طور پر تباہ کردیا گیا ہے، ہزاروں روپے کرائے عوام سے وصول کرنے کے باوجود گھٹیا سہولیات دی جاتی ہیں۔ PIA کو مکمل برباد کرنے کی سازش کی جارہی ہے تاکہ حکمران اس ادارے کو بھی اپنے رشتہ داروں کو فروخت کردیں۔ دہشت گردی روز بروز بڑھتی جارہی ہے۔ حکومت کی اجازت سے ایک طرف امریکہ ڈرون حملوں کے ذریعے مظلوم پاکستانیوںکا خون بہا رہا ہے، دوسری جانب حکومت کی چھوٹ کی وجہ سے کالعدم مذہبی جماعتیں ملک بھر میں بے گناہ مسلمانوں کا خون بہا رہی ہیں، تیسری جانب لسانی اور سیاسی جماعتیں اور گینگ وار بھتے نہ دینے پر مظلوم پاکستانیوں کو سرعام قتل کردیتی ہیں، جنہیں کوئی پکڑنے والا نہیں۔ حکومت کی ایماء پر پولیس بھی ان لسانی جماعتوں کے دہشت گردوں کو نہیں پکڑتی۔ یہ نمایاں کارنامے ہیں جو موجودہ حکومت کی پہچان ہیں۔ واقعی کسی نے سچ کہا ہے ’’ایک زرداری سب پر بھاری‘‘ حقیقتاً موجودہ حکومت کا کرپشن سب پر بھاری، موجودہ حکومت کا ظلم سب پر بھاری، موجودہ حکومت کی نااہلی سب پربھاری، موجودہ حکومت کی مہنگائی سب پر بھاری، موجودہ حکومت کی ملک کے خلاف سازش سب پر بھاری، موجودہ حکومت کی امریکی غلامی سب پر بھاری، موجودہ حکومت کی لوٹ مار سب پر بھاری، موجودہ حکومت کی عیاشی سب پر بھاری، موجودہ حکومت کے ٹھاٹھ باٹھ سب پر بھاری، موجودہ حکومت میں معیشت کی بربادی سب پر بھاری اور موجودہ حکومت کے ملک دشمن کارنامے سب پر بھاری ہیں جن کا کوئی مقابل نہیں۔
اﷲ تعالیٰ حضرت امام حسین رضی اﷲ عنہ کے صدقے و طفیل ہمیں عاشقِ رسول حکمران عطا فرمائے۔ ملک کو نظام مصطفیﷺ کا گہوارہ بنائے اور ظالموں، عیاشوں اور ملک و ملت کے دشمن حکمرانوں سے ہمیں نجات عطا فرمائے۔ آمین ثم آمین